بنگلور، 4/مارچ (ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ کے پہلے دن ہندوستان کی اننگ محض 189رنوں پر سمٹ گئی۔جواب میں آسٹریلیا نے اپنی پہلی اننگ میں بغیر کسی نقصان کے 40رن بنا لیا ہے۔رین شا 15اور وارنر 23رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔پہلی اننگ میں آسٹریلیا کے آف اسپن گیندباز ناتھن لین نے 8وکٹیں حاصل کی ہیں۔ہندوستان کی جانب سے سب سے زیادہ لوکیش راہل نے 90رنوں کی اننگ کھیلی۔آسٹریلیا کے تیز گیندباز مچل اسٹارک نے 56ٹیسٹ کے بعد ٹیم انڈیا میں واپسی کر رہے ابھینو مکند (0)کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ہندوستان کو پہلا جھٹکا دیا، چتیشور پجارا 17رن بنا کر ناتھن لین کا شکار ہوئے، آؤٹ ہونے سے پہلے پجارا نے راہل کے ساتھ 50سے زیادہ رنوں کی شراکت داری نبھائی، اس کے بعد لین نے وراٹ کوہلی (12)کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ہندوستان کو بڑا جھٹکا دیا، اس کے بعد لین نے اجنکیا رہانے (17)کو اپنی پھرکی پھنسا لیا اور میتھیو ویڈ نے اسٹمپنگ کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔آسٹریلیا کے خلاف پہلا میچ کھیل رہے کرون نائر(26) اے او کیفے کی گیند پر آگے بڑھے اور میتھیو ویڈ نے انہیں اسٹمپ آؤٹ کر دیا۔اشون کو لین نے اپنا چوتھا شکار بنایا اور انہیں 7 رن پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔لین نے ساہا کو اپنا پانچواں شکار بنایا اور انہیں محض ایک رن پر ا سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا۔جڈیجہ بھی محض 3رن بنا کر لین کا شکار ہو گئے۔آسٹریلیائی کپتان ا سمتھ نے جڈیجہ کا کیچ لپکا، اس کے بعد لین نے 90رن پر کھیل رہے لوکیش راہل کو بھی کیچ آؤٹ کرایا، اگلی ہی گیند پر لین نے ایشانت شرما کو بھی کیچ آؤٹ کراکے ہندوستان کی اننگ 189رنوں کے اسکور پر سمیٹ دی۔اس ٹیسٹ میچ میں ہندوستانی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئی ہیں۔کندھے کی چوٹ کی وجہ سے مرلی وجے کی جگہ سلامی بلے باز ابھینو مکند کو موقع ملا ہے، وہیں جینت یادو کی جگہ کرون نائر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے، اس ٹیسٹ میں ٹیم انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا ہے۔غورطلب ہے کہ4 ٹیسٹ میچوں کی اس سیریز کا پہلا میچ جیت کر آسٹریلیائی ٹیم نے سیریز میں 1-0کی سبقت حاصل کرلی ہے۔